ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / صدر، نائب صدر، وزیر اعظم سمیت سینئرلیڈران نے پارلیمنٹ حملے کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا

صدر، نائب صدر، وزیر اعظم سمیت سینئرلیڈران نے پارلیمنٹ حملے کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا

Mon, 14 Dec 2020 00:00:19    S.O. News Service

نئی دہلی، 13 دسمبر (آئی این ایس انڈیا) صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سمیت متعدد مرکزی وزراء اور حزب اختلاف کے رہنماؤں نے پارلیمنٹ پر دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والے لوگوں کو 2001 میں خراج عقیدت پیش کیا۔

راجیہ سبھا کے ڈپٹی اسپیکر ہری ونش، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ، راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف غلام نبی آزاد، سماج وادی پارٹی کے لیڈر رام گوپال یادو اور کانگریس کے لیڈر راجیو شکلا نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ایک پروگرام میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ لیڈران نے شہداء کے اعزاز میں ایک منٹ کی خاموشی بھی رکھی۔

قابل ذکرہے کہ 19 سال قبل اس دن لشکر طیبہ اور جیش محمد کے دہشت گردوں نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں دہلی پولیس کے پانچ اہلکار، سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی ایک خاتون اہلکار اور دو پارلیمنٹیرین عسکریت پسندوں کا سامنا کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔ اس حملے میں ایک باغباں اور فوٹو جرنلسٹ بھی مارے گئے۔ پانچوں حملہ آوروں کو سکیورٹی فورسز نے ڈھیر کردیا۔ صدر رام ناتھ کووند نے صبح شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے ٹویٹ کیاکہ شکر گزار قوم ان لوگوں کو یاد کرتی ہے جنہوں نے 2001 میں آج پارلیمنٹ پر دہشت گردانہ حملے میں پارلیمنٹ کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جان گنوا دی، ہماری جمہوریت کے مندر کے ان محافظوں کی عظیم قربانی کو یاد کرتے ہوئے ہم دہشت گرد قوتوں کو شکست دینے کے اپنے عزم کو مزید مستحکم کرتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ٹویٹ کیاکہ ہم آج اپنی پارلیمنٹ میں موجود ہیں، 2001 کے بزدلانہ حملے کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، ہمیں ان کی قربانی اور بہادری یاد ہے جنہوں نے ہماری پارلیمنٹ کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں گنوا دی، ہم ان کے ہمیشہ مشکور رہیں گے۔

اپنے ٹویٹ میں وزیر داخلہ شاہ نے کہاکہ میں نے 2001 میں پارلیمنٹ میں دہشت گردوں کے خوفناک حملے میں دشمنوں کا مقابلہ کرتے ہوئے زبردست قربانی دینے والے بھارت ماتا کے بیٹوں کو دلی تعزیت پیش کی۔ حملے کے بعد پارلیمنٹ کی سکیورٹی بڑھا دی گئی۔ اس واقعے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے مابین کشیدگی عروج پر پہنچ گئی تھی۔


Share: